جوئیڈا 4،؍جون (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے جوائیڈا میں گذشتہ روز کایا کنگ کے سہ روزہ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح ریاستی اسپورٹس منسٹر پرمود مدھوراج نے کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرمود مدھوراج نے کہا کہ ریاست کرناٹکا میں ایڈوینچر اسپورٹس کو فروغ دینے کے لئے یوتھ افیئرس اینڈ اسپورٹس محکمہ کی جانب سے سال 2017-18میں مختلف مہماتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مہماتی کھیلوں اور ٹورازم میں باہمی رشتہ ہے۔ اس لئے وزارت سیاحت نے جنرل تمّیا ایڈوینچر اسپورٹس اکیڈیمی کو3.50کروڑ کی رقم فراہم کی ہیں۔ اس سے آئندہ 9 مہینوں کے عرصے میں ریاست میں10 مہماتی کھیلوں سے متعلق پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں بھارت گنگاکایاک اتسوا، میگھالیہ کایاک اتسوا اور ملابار کایاک اتسوا کا انعقاد ہوتا ہے ، وہیں پر ریاست کرناٹکا میں پہلی بارمغربی گھاٹ کے خوبصورت ماحول میں بین الاقوامی کالی ندی میں کایاکنگ کا مقابلہ منعقد کیا گیا ہے۔ملابار کایاکنگ مقابلے میں 60شرکاء تھے مگر کرناٹکا کے کالی کایاکنگ مقابلے میں شرکاء کی تعداد 150 سے زیادہ ہے۔اس مقابلے میں نیوزی لینڈ، یو کے، امریکہ، اٹلی، نیپال جیسے ممالک کے علاوہ ہندوستان میں میگھالیہ، کیرالہ، اتراکھنڈ، اڈپی ، بنگلورو وغیرہ سے ٹیمیں شامل ہوئی ہیں۔